پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی اور اُن کی اہلیہ نے اپنے ہونے والے بچے کی جنس کے بارے میں مداحوں کو بتادیا۔
اس ضمن میں زید علی نے چند گھنٹے قبل ہی اپنے یوٹیوب چینل پر اپنا ایک نیا فیملی ولاگ اپلوڈ کیا ہے جس میں اُنہوں نے ایک چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا۔
زید علی اور اہلیہ کی اس تقریب میں اُن کے اہلخانہ اور قریبی رشتے داروں نے شرکت کی جبکہ اس تقریب میں یمنیٰ نے اپنے ہونے والے بچے کی جنس کے بارے میں زید علی، اہلخانہ، رشتے داروں اور مداحوں کو بتایا۔
ولاگ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یمنیٰ کے ہاتھ میں ایک غبارہ ہوتا ہے جس پر انگریزی زبان میں ’گرل‘ اور ’بوائے‘ درج ہوتا ہے۔
یمنیٰ جیسے ہی وہ غبارہ پھاڑتی ہیں تو اُس میں سے نیلے رنگ کے کاغذی پھول نکلتے ہیں جس کے بعد یہ واضح ہوجاتا ہے کہ اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہونے والی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس انکشاف کو جاننے کے بعد زید علی اور اُن کے اہلخانہ خوشی سے جھوم اُٹھتے ہیں۔
دوسری جانب دُنیا بھر میں موجود زید علی کے لاکھوں مداحوں کی جانب سے اُنہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ زید علی نے رواں سال کی ابتدا میں ہی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اس بات کی اطلاع دی تھی کہ وہ اور یمنیٰ جلد ہی والدین بننے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کا دن میری زندگی کا سب سے خوبصورت اور خوشگوار دن ہے۔‘
خیال رہے کہ انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی نے اگست 2017ء میں یمنیٰ سے شادی کی۔
سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے پاکستانی نژاد زید علی کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم بیرونِ ملک پیدائش اور پرورش کے باوجود زید نے اپنا طرز زندگی روایتی پاکستانیوں جیسا رکھا ہوا ہے۔