• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خود کش بم دھماکوں کے بعد بند کابل ایئرپورٹ فوجی پروازوں کیلئے کھول دیا گیا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر جمعرات کی شام دو خودکش دھماکوں کے بعد بند کیے گئے کابل ایئرپورٹ کو مخصوص نوعیت کی فوجی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

تاہم ایئرپورٹ پر لینڈنگ، ٹیک آف اور گراؤنڈ پر طیاروں کی موجودگی کے حوالے سے معلومات خفیہ رکھی جا رہی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام کابل ایئرپورٹ کے باہر پے در پے دو خودکش دھماکوں میں بھاری جانی نقصان کے بعد ایئرپورٹ کو عارضی طور پر آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

تاہم واقعہ کے چند گھنٹے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے العین ایئرپورٹ سے اڑنے والی یو ایس ایئر فورس کی پرواز کابل اتری۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز آر سی ایچ 649 نے رات 9:30 بجے کابل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

ذرائع کے مطابق اس کے بعد امریکی ایئر فورس کی پرواز نے ہی کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑنے بھری، جس کے بعد مختلف ممالک کی ایئرفورسز کی پروازوں نے کابل کے لیے اڑان بھرنا شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق کابل ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کی معلومات کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ گراؤنڈ پر موجود طیاروں کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی ہیں۔

تازہ ترین