• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہناز گِل کے بھائی کونسا خواب پورا کرنا چاہتے ہیں؟

دو روز قبل دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے رخصت ہوجانے والے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گل کے بھائی نے اپنے اُس خواب کے بارے میں بتادیا جو وہ اداکار کی موت کے بعد پورا کرنا چاہتے ہیں۔

شہناز گِل کے بھائی شہباز نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سدھارتھ شکلا کی تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں اُنہوں نے اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’آپ ہمارے شیر ہیں، آپ ہمارے ساتھ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔‘

شہناز گِل کے بھائی نے لکھا کہ ’میرا خواب ہے کہ میں آپ کی طرح بنوں اور مجھے یقین ہے کہ بہت جلد میرا یہ خواب پورا ہوگا۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے، خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اُنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چُھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔

تاہم دونوں بھارتی اداکاروں کی جانب سے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔

سدھارتھ شکلا نے بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ شہناز گِل فائنل سے پہلے ہی بگ باس کے گھر سے نکل گئی تھیں۔

شہناز گل کئی ہٹ میوزک ویڈیوز میں نظر آچکی ہیں۔ ان گانوں میں شہناز گل، سدھارتھ شکلا کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ ان کی کیمسٹری سدھارتھ کے ساتھ بے حد پسند کی جاتی ہے۔

سدھارتھ شکلا اور شہناز گل ساتھ میں دو میوزک ویڈیو میں نظر آچکے ہیں۔ ایک درشن راول کا ’بھلا دوں گا‘ اور دوسرا ٹونی ککڑ کا ’شونا شون‘ دونوں ہی گانے ہٹ رہے ہیں۔

تازہ ترین