• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاکر سے دست درازی، ملزم والدہ کے پاؤں میں گر گیا

لاہور کی مقامی عدالت نے مینارِ پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کے 6 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کر دی۔

ایک ملزم اپنی والدہ کے پاؤں میں گِر گیا اور رو رو کر رہائی کے لیے دعا کرنے کی التجا کرتا رہا۔

خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کے ملزمان ارسلان، عابد، افتخار اسد، شہر یار، مہران اور محمد ساجد کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کے 10 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 11 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کیس کی تفتیشی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

پیشی سے واپسی پر ہتھکڑی میں جکڑا ایک ملزم اپنی والدہ کے پاؤں میں گر گیا اور رو رو کر والدہ سے رہائی کے لیے دعا کرنے کی التجا کرتا رہا۔

اُدھر سیشن عدالت نے خاتون عائشہ اکرم کے خلاف ہجوم کو اکسانے کے الزام میں اندراجِ مقدمہ کی درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد عباس قریشی کو گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی، رکشے پر خاتون سے بد تمیزی اور مینارِ پاکستان کا جنگلہ توڑنے کے کیسز کی پیروی کے لیے اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا۔

تازہ ترین