• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کا دورۂ پاکستان، کھلاڑی اور شائقین پُرجوش

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 18 سال بعد دورۂ پاکستان جہاں شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے تو وہیں مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ پاکستانی سر زمین پر کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

کیوی ٹیم نے آخری مرتبہ 2003ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا، اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز یاسر حمید نے (356 رنز) بنائے تھے جبکہ محمد سمیع نے 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں، یہ وہ وقت تھا جب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلا کرتی تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اب 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے 3 میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 25 ستمبر سےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوں گے۔

مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی پاکستان آمد سے قبل ہی پاکستان اور پاکستانی فینز کے دلدادہ ہوگئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی تماشائیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

تازہ ترین