• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعظم سواتی نے سخت باتیں کی ہیں تو کوئی وجہ ہوگی، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن سے متعلق سخت باتیں کی ہیں تو اس کی کوئی وجہ ہوگی۔

ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی ناجائز بات نہ ماننے پر چیف الیکشن کمشنر کی کردار کشی شروع کردی گئی ہے،سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کی شرط غلط تھی، ن لیگ وفاق اور پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کیوں نہیں لاتی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی سنجیدہ آدمی ہیں عام طور پر غصے میں نہیں آتے ہیں، اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن سے متعلق سخت باتیں کی ہیں تو اس کی کوئی وجہ ہوگی، ان کی باتوں کا سیاق و سباق جانے بغیر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا،آخر حالات اس نہج پر کیوں پہنچے کہ حکومت الیکشن کمشنرز پر مکمل عدم اعتماد کا اظہار کررہی ہے۔

حکومت نے الیکشن کمیشن سے متعلق مسلسل تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، جب بھی کوئی موقع آیا ایسا لگا کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے کوئی اگلے بہت اہم لیڈر ہیں، الیکشن کمیشن سنجیدہ ادارہ ہے اسے اپنے اعتراضات کی پوسٹس سوشل میڈیا پر نہیں لگانی چاہئیں ، حکومت کے کہنے کے باوجود سوشل میڈیا پر پوسٹس لگانے کی تحقیقات نہیں کی گئیں بلکہ پوسٹس لگانے والے کو شاباش دی گئی۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے مختلف حیلوں بہانوں سے اپوزیشن کی مہم کو پذیرائی دی ، حکومت کے عدم اعتماد کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،چیف الیکشن کمشنر کا کنڈکٹ ان کے عہدے کے مطابق نہیں ہے، چیف الیکشن کمشنر نے خود کو سیاسی کارکن کے طور پر پیش کیا ہے۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ہماری انتخابی اصلاحات درست نہیں لگتیں تو میڈیا میں تماشا لگانے کے بجائے متبادل اصلاحات پیش کرے، الیکشن کمیشن سیاسی اکھاڑا بنائے گا تو پی ٹی آئی اسی کے مطابق جواب دے گی۔

تازہ ترین