افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سفارت کار ڈیبرا لائنز نے قائم مقام افغان وزیرِ داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے۔
جاری کیئے گئے بیان میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ ملاقات میں افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت امداد پر بات ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ سراج الدین حقانی نے یو این کی سفارت کار کو افغانستان میں بلا رکاوٹ کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سہیل شاہین کا یہ بھی کہنا ہے کہ قائم مقام افغان وزیرِ داخلہ سراج الدین حقانی نے عالمی برادری سے رابطے برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
ادھر اقوامِ متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغانستان کی صورتِ حال میں بہتری کے لیے اجتماعی کوششوں میں باہمی اعتماد ضروری ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سفارت کار ڈیبرا لائنز نے افغان انٹیلی جنس کے نئے چیف عبد الحق واثق سے بھی ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات کے دوران ڈیبرا لائنز نے یو این حکام کے تحفظ اور داعش کے خطرے پر بات بھی کی ہے۔