• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کے دورہ تاجکستان کا مشترکہ اعلامیہ

وزیراعظم عمران خان کے دورہ تاجکستان کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور تاجکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

دونوں ممالک نے توانائی کے منصوبوں کو مشترکہ مفاد اور تعاون کے تحت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور تاجکستان نے ہائیڈرو پروجیکٹس اور ٹرانسمیشن لائنز مشترکہ سرمایہ کاری سے بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے کراچی تا تاجکستان ہائی ویز اور ریلوے لائن کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس موقع پر کراچی اور گوادر سی پورٹس تک تاجکستان کی رسائی کے منصوبوں پر بھی مشاورت کی گئی۔

پاکستان اور تاجکستان نے سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ 2022 میں بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور تاجکستان نے صحت، فارماسیوٹیکل، میڈیکل، قدرتی آفات، ایمرجنسی سیکٹرز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تمام ہی عالمی فورمز پر مشترکہ لائحہ عمل برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

پاکستان اور تاجکستان نے سیکیورٹی کونسل کی غیر مستقل ممبر شپ کے لیے ایک دوسرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کا افغانستان سمیت علاقائی امن اور سلامتی کے معاملے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

پاکستان اور تاجکستان نے افغانستان میں سماجی و معاشی بحالی کو خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی ضروری سمجھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق افغانستان میں عالمی اور ریجنل انفرااسٹرکچر کے منصوبے ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

تاجک صدر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تازہ ترین