• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف علاج کیلئے لندن کے بجائے بیجنگ آجاتے، چینی ڈپٹی قونصل جنرل

لاہور (نمائندہ جنگ) چین کے لاہور میں ڈپٹی قونصل جنرل پنگ زینگوا نے گزشتہ روز روزنامہ ’’جنگ‘‘ کے دفاتر کا دورہ کیا ان کے ہمراہ کونسل ڈویو بھی تھے ڈپٹی قونصل جنرل پنگ زینگوا نے پاک چین دوستی سی پیک افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے لئے بے حد اہمیت کا حامل ہے کورونا کے باعث آمدورفت میں کچھ مشکلات درپیش ہیں جو جلد دور ہو جائیں گی چینی صدر کی پاکستان آمد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ چینی صدر آئندہ برس پاکستان تشریف لائیں گے کورونا اور وہاں کانگرس کی سرگرمیوں کے باعث ان کے دورے میں تاخیر ہوئی ہے۔ جنگ کے سنیئر ادارتی عملے سےگفتگو کرتے ہوئے پنگ زینگوا نے میڈیا کے کردار پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ کا پاک چین دوستی کے فروغ میں خاص کردار رہا ہے انہوں نے دیگر دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر سید محمد مہدی بھی موجود تھے۔ سہیل وڑائچ نے چینی قونصل جنرل کی جنگ کے دفتر میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی تحریر کردہ کتابیں قونصل جنرل کو پیش کیں قونصل جنرل نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ معروف صحافی ہیں میں آپ کی کتابوں کا ضرور مطالعہ کروں گا۔ ڈپٹی چینی قونصل جنرل نے اپنی گفتگو کے دوران نواز شریف اور شہباز شریف کے بارے میں اچھے خیالات کا اظہار کیا انہوں نے استفسار کیا کہ نواز شریف لندن جانے کے بجائے بیجنگ کیوں نہیں آئے؟ وہاں علاج کی اچھی سہولتیں موجود ہیں ان کو بتایا گیا کہ نواز شریف کا دل کے مرض کا ابتدائی آپریشن لندن میں ہی ہوا تھا اس لئے شاید انہوں نے وہاں سے علاج کرانا مناسب سمجھا۔

تازہ ترین