پاکستان کی معروف اسپورٹس پریزنٹر اور میزبان زینب عباس کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی۔
اس حوالے سے زینب عباس نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی نئی تصویر شیئر کی جس کے ذریعے اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں کو اپنے حاملہ ہونے کی اطلاع دی۔
زینب عباس نے اپنے ہونے والے بچے کو اپنے سفر کا ساتھی قرار دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اُنہیں اب یہ سفر ٹی ٹوئنٹی کے بجائے ٹیسٹ میچ جیسا لگ رہا ہے لیکن اُنہیں طوفان اور موسم کا خیال رکھتے ہوئے یہ کھیل کھیلنا ہے۔‘
اُنہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ میرا یہ سفر بھی پچھلے یعنی شادی کے سفر کی طرح خوشگوار اور خوبصورت ہوگا۔‘
آخر میں اُنہوں نے اس بڑی نعمت کے لیے اللّہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ سال 2019ء میں زینب اور حمزہ کی لاہور میں شادی ہوئی تھی۔ حمزہ سابق وزیر خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان شاہد حفیظ کاردار کے بیٹے ہیں۔