• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کیا سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوجائیں گے؟

سندھ میں سیاسی جماعتیں غیر اعلانیہ طور پر انتخابی مہم شروع کر چکی ہیں سندھ بھر میں سیاسی جماعتوں کے جھنڈے کھمبوں پر لہراتے نظر آ رہے ہیں اسکے ساتھ ساتھ کارکردگی کے بجائے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے گزشتہ ہفتے سندھ اسمبلی اور اسمبلی سے باہر ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے جبکہ پارٹی کارکنوں کو متحرک رکھنےکے لیے ضلعی سطح پر سیا سی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ 

کہا جا رہا ہے کہ اس ماحول میں اب سندھ کے شہریوں کے مسائل کی جانب توجہ دی جائے گی اور برسوں سے زیر التوا ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا وفاقی وزیر اسد عمر نے 2023 کے الیکشن نئی مردم شماری اٹھارہ ماہ میں مکمل کرنے اور نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانے کا عندیہ دیا ہے تاہم اٹھارہ ماہ میں مردم شماری کے بعد کہا جا رہا ہے کہ کم از کم چھ ماہ حلقہ بندیوں اور چھ ماہ ووٹر لسٹوں کی تیاری کے لئے درکار ہونگے جبکہ حکومت کے پاس دو برس سے بھی کم وقت باقی بچا ہے اس دوران ان تمام کاموں کی تکمیل کس طرح ہو گی ؟ 

ادھر چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی انتخابات کے لیے آرڈر جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ مسائل کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی اس تناظر میں عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کی امید پیدا ہو چلی ہے۔ ادھر گزشتہ چھ برس سے جاری گرین لائن منصوبے کے لیے چین سے چالیس بسیں کراچی پہنچ گئیں ہیں جبکہ مزید چالیس بسیں آئندہ ماہ کراچی پہنچیں گی۔ ڈھائی کروڑ کی آبادی والے شہر کے لیے اسی بسیں ناکافی ہیں۔ 

ماہرین کے مطابق سڑکوں پر سے ٹریفک کا بوجھ کم کرنے، موٹر سائیکلوں ،رکشوں اور دیگر ذرائع آمد رفت کا بوجھ کم کرنے کے لیے کراچی کے لیے کم از کم چھ سو بسیں درکار ہیں تاہم ان چالیس بسوں کے کراچی پہنچنے پر پی ٹی آئی کے رہنمائو ں اور کارکنوں نے جشن منایا اور ایک تقریب منعقد کی گئ۔ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء علی حیدر زیدی ،اسد عمر،ایم کیو ایم رہنماوفاقی وزیر امین الحق، فردوس شمیم نقوی،حلیم عادل شیخ،ایم این اے آفتاب جہانگیر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداروں سمیت سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے سی ای او اور دیگر متعلقہ حکام نےبھی شرکت کی۔ 

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 13 سال میں کراچی کے لیے کوئی ایک بس نہیں چلائی،وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کراچی کے شہریوں کو خوشخبریاں ملتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، پہلی بار کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جدید نظام شروع ہونے جا رہا ہے، ایکنک کے آئندہ اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی منظوری بھی دے دی جائے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا واحد منصوبہ نہیں بلکہ وفاق کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں کراچی کے لیے 5 بڑے منصوبے شامل ہیں، آئندہ جمعرات کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہے جس میں اس سے بھی بڑے اور جدید منصوبے کی منظوری کے بعد جب وزیراعظم کو وقت ملا وہ یہاں کے سی آر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے آئیں گے جس کی مالیت ڈھائی سو ارب روپے ہے جبکہ گرین لائن کا منصوبہ 27 ارب روپے کا ہے،وہ کراچی جس نے عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے لیے بڑی تعداد میں پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔ 

ادھر بزرگ سیاست دان اور بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ سردار عطا اللہ مینگل کی وفات پر سیاست دانوں کی تعزیت کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ ہفتے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اسد عمر سمیت سینیٹر احمد خان،رکن قومی اسمبلی خالد حسین مگسی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ان کے والد سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر تعزیت کی جبکہ مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے بھی کراچی کا ایک روزہ دورہ کیا اور سردار اختر مینگل سے تعزیت کی۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے سب کو کام کرنا ہوگا،اٹھاون ٹوبی کے تحت کئی جمہوری حکومتوں کے بستر گول کیے گئے تھے،مرحوم سردار عطا اللّہ مینگل نے آئین کی شق اٹھاون ٹو بی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی، ان کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف،مریم اورنگزیب،خواجہ سعد رفیق ،ملک احمد خان ،رانا مشہود ،احسن اقبال ۔

عطاء تارڑ نے مقامی ہوٹل میں کراچی ڈویژن کی تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کی،ملاقات میں مفتاع اسماعیل، سابق گورنر محمد زبیر،سلمان خان عصمت محسود علی اکبر گجر جبکہ لیبر ونگ کراچی کے صدر اخلاق ہاشمی دیگرشریک تھے۔

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں سے بھی ملاقات کی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے سندھ میں پارٹی آرگنائزکرنے کی ہدایت کی ہے، شہباز شریف اسلام اباد روانگی کیلئے کراچی ائیر پورٹ پہنچے توانہیں دیکھ کرکئی مسافران کے پاس پہنچے، اس دوران ایک مسافرخاتون کا شہبازشریف سے آمنا سامنا ہوا، خاتون کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنادیا ہے، لاہور کا حشر دیکھ کر آپ کی یاد آتی ہے، خواہش ہے کہ آپ پورے پاکستان میں حکومت بنائیں، آپکی حکومت میں ترقی کا دور دورہ ہو،خاتون مسافرکا کہنا تھا کہ لاہور میں بے پناہ کچرا ہوگیا ہے، آپکا دور یاد آگیا ہے ،ہم آپکو لاہور سمیت پورے پاکستان میں دیکھنا چاہتے ہیں، شہباز شریف نے خاتون کا شکریہ ادا کیا۔ 

کراچی ائیرپورٹ پر شہریوں نے شہبازشریف کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں ادھر لیاری میں سردار عطااللہ مینگل کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین