• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز الدین صدیقی فلم ’سیریس مین‘ کیلئے ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی کوفلم ’سیریس مین‘ میں اداکاری کے لیے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔نیٹ فلکس کی فلم ’سیریس مین‘ اکتوبر 2020 میں ریلیز کی گئی تھی۔ یہ ایک ایسے باپ کی کہانی تھی جو خود تو ایک کامیاب انسان نہیں تھا لیکن اس نے جھوٹ اور دھوکا دہی کا سہارا لیتے ہوئے مشہور ہونے اور اپنے خاندان کی قسمت بدلنے کے لیے اپنے بیٹے کا سہارا لیا۔انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کی نامزدگی کا اعلان نوازالدین صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اوراپنی نامزدگی پر فلم کی ٹیم اور ڈائریکٹر سدھیر مشرا کو مبادکباد بھی دی۔ نواز الدین صدیقی کا شمار بھارت کے ورسٹائل اداکاروں میں ہوتا ہے جو اس سے قبل نیٹ فلکس کی ایک اور مشہور سیریز ’سیکرڈ گیمز‘میں سیف علی خان کے ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔’سیکرڈ گیمز‘ اور ’میک مافیا‘ جن میں نوازالدین صدیقی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں ماضی میں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی تھیں۔نواز الدین اپنے کیریئر میں اس سے قبل بھی فلم فیئر، زی سینی، اسٹار ڈسٹ، ایشین فلم ایوارڈز سمیت متعدد ایوارڈز جیت چکے ہیں۔نوازالدین صدیقی نے ایکٹنگ نئی دہلی کے مشہور اسکول ’نیشنل سکول آف ڈرامہ‘ سے سیکھی تھی اور وہ 1999 سے چھوٹے اور بڑے پردے پر کام کررہے ہیں۔’گینگز آف واسع پور‘، ’لنچ باکس‘، ’منٹو‘، ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’رات اکیلی ہے‘ کا شمار ان کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔

تازہ ترین