• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ بنڈل آئی لینڈ کے معاملے پر نظرثانی کریں، کراچی کے مسائل وفاق اور سندھ اکیلے حل نہیں کرسکتے، ملکر چلنا ہوگا، عمران خان

وزیراعلیٰ بنڈل آئی لینڈ کے معاملے پر نظرثانی کریں، عمران خان


کراچی ( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ بنڈل آئی لینڈ کے معاملے پر نظرثانی کریں، کراچی کے مسائل وفاق اور سندھ اکیلے حل نہیں کرسکتے، ملکر چلنا ہوگا ،انگلینڈ میں لندن، امریکا میں نیو یارک اور پاکستان میں کراچی اہم شہر،ٹرانسپورٹ اور پانی یہاں کےبڑے مسائل،بروقت حل نہ کیے تو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا،2سال میں K4کے ذریعے پانی ملےگا،KCRبڑاقدم ،ٹرین پورے شہر سے گزرے گی،ٹریفک کادبائو کم ہوگا۔

پیر کو کینٹ اسٹیشن پر کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنا بڑا موقع ہے، یہ منصوبہ صرف کراچی کے لیے نہیں بلکہ اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا، کے سی آر منصوبے پر وزیراعلیٰ سندھ اور گورنرعمران اسماعیل کی معاونت کے مشکور ہیں، ترقی یافتہ ممالک کی شرح نمو میں ایک شہر ان کی قیادت کرتا ہے، انگلینڈ میں لندن، امریکا میں نیو یارک اور پاکستان کے لیے کراچی وہ اہم شہر ہے، کراچی ایسا شہر ہے جس کی ترقی میں پورے پاکستان کی ترقی ہے تاہم یہاں 80 کی دہائی میں پیدا ہونے والے مسائل نے پورے ملک کو متاثر کیا، شہر کے لیے سب سے اہم اس کا ٹرانسپورٹ کا نظام ہے جس پر اس طرح سے سرمایہ کاری نہیں ہوئی جیسے ہونی چاہیے تھی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ کے سی آر، گرین لائن کراچی کے لیے بہت بڑا قدم ہے اور جس تیزی سے کراچی پھیل رہا ہے، ہمیں مزید کام بھی کرنا ہوگا،ٹرانسپورٹ کا نظام کسی بھی شہر کی بنیادی چیز ہوتی ہے، سرکلر ریلوے منصوبہ سارے شہر سے گزرے گا، ٹریفک کادبائو کم کرے گا، کراچی کا دوسرا بڑا مسئلہ پانی ہے، کراچی میں پانی کے مسئلے پر واپڈا کے چیئرمین سے بات کی،واپڈا چیئرمین نے بتایا ہے کہ 2 سال میں کراچی کو کے 4 کے ذریعے پانی پہنچادیا جائے گا۔ کے فور منصوبہ کراچی کے لیے بڑی نعمت ہے،گزشتہ سال کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بنایا، یہ معیشت کے حوالے سے اہم شہر ہے۔

اس کی اہمیت کا پوری طرح اندازہ نہیں لگایا گیا،کراچی میں انتشار کے بعد اس کی ترقی تیزی سے گرنا شروع ہو گئی،ہمیں سندھ کی ترقی کے لیے آگے بڑھنا اور ساتھ چلنا ہوگا،کراچی کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت پرعزم ہے ،امید ہے سندھ حکومت بھی کراچی کے لیے بھرپور کام کر ے گی ۔انہوں نے کہاکہ کئی چیزیں ایسی ہیں جو وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے بغیر نہیں کرسکتی، ابھی سے منصوبہ بنائیں کہ کن علاقوں پر کام کرنا ہوگا، بنڈل آئی لینڈ سے پاکستان کا فائدہ بیرون ملک سے سرمائے کا آنا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ سے فائدہ سندھ کو ہے، اس پر وزیراعلیٰ سے مزید بات کریں گے۔وزیر اعظم نے کہاکہ کراچی میں گزشتہ سال سیلاب سے جو مسئلے آئے تھے، خوشی ہے کہ ان پر کام کا آغاز ہوگیا ہے، 3 اہم نالوں کا کام بھی ہوگیا ۔کے سی آر جیسے بڑے منصوبوں پر سندھ اور عوام کو پوری زور لگانی ہوگی کیونکہ اس میں مسائل پیدا آتے ہیں تاہم اگر یہ وقت پر مکمل ہوا تو اس پر کم سے کم لاگت آئے گی ۔

اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی موجود تھے۔                      

تازہ ترین