بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے منشیات کے کیس میں حراست میں لیے جانے کے بعد اداکار کا بیٹے کے بارے میں دیا گیا ایک بیان انٹرنیٹ پروائرل ہوگیا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو شاہ رخ خان کے 1997میں میزبان سمی گریوال کو دیے گئے انٹرویو کی ہے جس میں شاہ رخ خان نے میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ان کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا وہ سب کرے جو وہ خود نہیں کر سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ اپنے بیٹے کو بتا چکے ہیں کہ جب وہ تین یا چار سال کا ہو جائے تو وہ لڑکیوں کے پیچھے بھاگ سکتا ہے اور جتنا چاہے سگریٹ نوشی کر سکتا ہے، وہ منشیات استعمال کر سکتا ہے جس پر شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان زور سے ہنستی ہیں۔‘
واضح رہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات کے کیس میں حراست میں لے لیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آریان کو گزشتہ شب ممبئی کے ساحل سے دور کروز جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارنے کے بعد این سی بی نے تحویل میں لیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے عہدیدار منشیات کے معاملے میں آریان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
تاہم میڈیا نے این سی بی کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے پر کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی ابھی تک اسے گرفتار کیا گیا ہے۔
آریان کا سیل فون ضبط کر لیا گیا ہے اور اس کی اسکیننگ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ منشیات کے قبضے یا استعمال میں اس کے ملوث ہونے کے کوئی اشارے ہیں۔