• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت دھاندلی کیلئے ای وی ایم لارہی ہے، فضل الرحمٰن


اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت دوبارہ اقتدار میں آنے کی خاطر دھاندلی کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم) لارہی ہے۔

پشاور میں میڈیاسے گفتگو میں پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہم چوروں کے ہاتھوں سے کی گئی انتخابی اصلاحات قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے آئی حکومت آئندہ انتخابات میں اصلاحات کی بات کررہی ہے، یہ دوبارہ اقتدار میں آنےکی خاطر دھاندلی کے لیے ووٹنگ مشین لارہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ الیکٹرانک مشین کو الیکشن کمیشن نے بھی مسترد کیا ہے، لاکھوں پاکستانیوں کا ووٹ دھاندلی کے ذریعے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے تب سے کہہ رہے ہیں یہ ناجائز حکومت ہے، اس کے ہاتھ پر کبھی بیعت نہیں کریں گے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے بھی حکومت سے ہاتھ اٹھا لیا ہے، پہلے نوجوانوں کو اور اب بیرون ملک پاکستانیوں کو دھوکا دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تو کوئی حکومت ہے لیکن پاکستان میں نہیں ہے، بازاروں میں اپنی مرضی کی قیمتوں کا تعین کیا جارہا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ لوگوں نے ایک بار پھر جے یو آئی سے امیدیں وابستہ کی ہیں، جمعیت نے جب بھی پکارا عوام کا سمندر نکل آیا ہے۔

تازہ ترین