راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 27 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ہولی فیملی میں11 اور بینظیر بھٹو اسپتال میں 13 نئے مریض لائے گئے، ہولی فیملی اسپتال سے کورونا وارڈ ختم کردیا گیا، مریض آر آئی یو منتقل کردیئے گئے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کورونا وارڈز کو ڈینگی کے لیے استعمال کیا جائے گا، کورونا سے قبل بھی اس وارڈ کو ڈینگی کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
ادھر اسلام آباد میں مزید 44 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 571 ہوگئی، ملتان کے نشتر اسپتال میں ڈینگی کے 10 مریض زیر علاج ہیں جبکہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 9 مریض داخل ہیں۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیکرٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ 340 بیڈز پر مشتمل ڈینگی اسپتال جلد قائم کردیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ میں 24 گھنٹوں میں 27 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ماہرین صحت کے مطابق ڈینگی کا لاروا صاف پانی میں پرورش پاتا ہے، بیماری سے بچنے کے لئے شہری اپنے گھر اور گھر کے باہر پانی مت کھڑا ہونے دیں اور احتیاط کریں۔