• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس، سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی

احتساب عدالت نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور شریک ملزمان کے خلاف نیب کے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔

نیب کے پراسیکیوٹر افضل قریشی کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ان سے استفسار کیا کہ اب آپ کی کیسی طبیعت ہے؟

نیب کے پراسیکیوٹر افضل قریشی نے جواب دیا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا کرم ہے، پہلے سے کافی بہتر ہوں۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ قاضی مصباح نے کہا کہ پہلے ہم کورونا کی وباء کو ماننے کو تیار ہی نہیں تھے۔

دورانِ سماعت نیب نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ احتساب عدالت سعید احمد، منصور رضا اور نعیم محمود کی بریت کی درخواستیں مسترد کرے۔

ایڈوکیٹ قاضی مصباح نے استدعا کی کہ نیب کے جواب پر جرح کے لیے وقت دیا جائے۔

نیب کے پراسیکیوٹر افضل قریشی نے استدعا کی کہ ریفرنس آخری مراحل میں ہے، اس لیے سماعت جلد رکھی جائے۔

احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس اور بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار ریفرنس میں اشتہاری ہیں اور ان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین