• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا کبھی مطالبہ نہیں تھا کہ نیب کو ختم کیا جائے، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمارا کبھی یہ مطالبہ نہیں تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کیا جائے۔

جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں چیئرمین نیب سے متعلق اس آرڈیننس اور طریقہ کار پر اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے قانون میں ترمیم کرنے پر اعتراض ہے، ہم اس آرڈیننس کو غیر قانونی سمجھتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ ہمارا کبھی یہ مطالبہ نہیں تھا کہ نیب کو ختم کیا جائے، عدالتوں نے بھی کہا کہ نیب قوانین میں کمزوریوں اور خامیوں کو دور کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فرد واحد کے لیے قانون سازی غیر آئینی اور غیر قانونی ہوتی ہے، اپوزیشن کہتی تھی کہ نیب کا قانون کالا تھا، اگر قانون کالا نہ ہوتا تو ترامیم کیوں لائی جاتیں؟

پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدوں سے بھی انحراف کیا ہے، وزرا کہہ رہے ہیں کہ ہم 1 کروڑ نوکریاں دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر متفقہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی، حکومت اگر سنجیدہ ہوتی تو ترامیم پہلے پارلیمان میں لاتی۔

تازہ ترین