• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شکر گزار ہے: مہوش حیات

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات کی جانب سے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں مہوش حیات نے کہا کہ ’قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شُکر گُزار ہے جن کی زندگی اپنے ملک کی خدمت کے لیے وقف تھی۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان بلاشبہ پاکستان کے سچے ہیروز میں سے ایک ہیں۔‘

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کی وجہ سے ہی ہم خطے میں اپنی ایک الگ پہچان بنانے میں کامیاب ہوئے۔‘

آخر میں مہوش حیات نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مغفرت کے لیے دُعا بھی کی۔

واضح رہے کہ معروف ایٹمی سائنسدان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان گزشتہ روز خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں گزشتہ صبح طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

 ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ 1947ء میں ہجرت کر کے پاکستان آئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدر لینڈز کی ایک یونی ورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونیورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بعد میں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنا مکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔

مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

تازہ ترین