پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کے درمیان فنانشل ماڈل پر معاملات طے پاگئے ہیں۔
پی ایس ایل فرنچائزز کو اب آمدن سے اضافی حصہ ملے گا، تاہم گیارہویں ایڈیشن سے مالکانہ حقوق برقرار رکھنے کیلئے اضافی فیس دینا ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو ایک اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز نے گزشتہ ماہ گورننگ کونسل میں پیش کردہ پی سی بی کی پیشکش کو قبول کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد فرنچائزز کو اگلے ایڈیشن سے سینٹرل پول سے 85 کی بجائے 95 فیصد شیئر ملے گا۔
پانچویں اور چھٹے ایڈیشن میں کووڈ ریلیف کے طو ر پر اضافی 98، 98 فیصد شیئر دیا جائے گا، تاہم گیارہویں ایڈیشن سے موجودہ فرنچائز قیمت کے اوپر 25 فیصد اضافی فیس دینا ہوگی۔
پی ایس ایل فرنچائزز کی خواہش تھی کی اس شق کو ختم کیا جائے تاہم پی سی بی اپنے موقف پر قائم رہا۔
ڈالر کا ریٹ فکس کرنے پر بھی اتفاق ہوگیا ہے، جو پیر11 اکتوبر کے ریٹ کے تحت یعنی 171 روپے فی ڈالر پر فکسڈ ہوگا۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان حل طلب معاملات کی وجہ سے برانڈ متاثر ہورہا تھا، خوشی ہے کہ یہ معاملات اب حل ہوگئے۔
فرنچائز مالکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ پی ایس ایل کو ایک بہترین برانڈ بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پی سی بی کی پیشکش کو قبول کرنا اس امر کی مزید تصدیق کرتا ہے۔