• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ٹی20:خیبرپختونخوا نے ناردرن کو 92 رنز سے مات دیدی

نیشنل ٹی20 کپ کے 30ویں اور آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو 92 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

خیبرپختونخوا کی پہلی 2 وکٹیں 18 اور دوسری 2 وکٹیں 74 کے اسکور تک گرگئی تو ایسا لگا کہ ناردرن کا فیصلہ درست تھا۔

اس کے بعد کامران غلام نے کپتان افتخار احمد کے ساتھ مل کر 133رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور گراؤنڈ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروکس لگائے۔

کامران غلام نے 64 گیندوں پر 110 رنز بنائے، جو ایونٹ کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکو رہے، ان کی اننگز 10 چوکوں اور 6 چھکوں سے مزین تھی، انہیں اس عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد نے بھی کامران غلام کا بھرپور ساتھ دیا اور 26 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے، جس کے لیے انہوں نے 4 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔

ناردرن کی طرف سے عاقب لیاقت نے 2 اور اطہر محمود نے 1 وکٹ حاصل کی۔

خیبرپختونخوا کے 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 115 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ناردرن کی طرف سے روحیل نذیر 34، عمر امین 23، علی عمران 19رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

خیبرپختونخوا کی طرف سے خالد عثمان، آصف آفریدی اور عمران خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تازہ ترین