• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کے خلاف عوام کو باہر نکلنا ہوگا: رانا ثناء اللّٰہ


مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے خلاف عوام کو باہر نکلنا ہوگا، متحدہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کی کال دینی چاہیئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عوام کا سیلاب اسلام آباد کی طرف بڑھنا چاہیئے، سیلیکٹڈ ٹولے کو نکال باہر کرنا چاہیئے، جب تک سیلکٹڈ ٹولہ ہے ملک کی تباہی جاری رہے گی۔

رانا ثناء اللّٰہ سے اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ نئی حکومت آنے کے بعد سب کچھ واپس لے جانا ممکن ہو گا؟

رانا ثناء اللّٰہ نے جواب دیا کہ یہ بہت مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے بعد جس طرح ڈالر مہنگا ہو گا، مہنگائی ناقابلِ برداشت ہو جائے گی۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ رات بجلی کی قیمت بڑھائی گئی، اب پیٹرول کی قیمت بڑھا دی، اتنا بڑا اضافہ پہلے نہیں کیا گیا، جو سمری بھیجی گئی تھی حکومت نے اس سے دگنا اضافہ کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ عام آدمی کے لیے جینا اس حکومت نے ناممکن بنا دیا، لوگوں کی قوتِ خرید ختم ہو رہی ہے، یہ کہتا تھا کہ آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا خودکشی کر لوں گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مہنگائی برداشت کرنا لوگوں کے لیے ناممکن ہو گیا ہے، لوگوں سے استدعا کروں گا کہ باہر سڑکوں پر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ لانگ مارچ کی کال دینی چاہیئے، عوام لبیک کہیں گے، عوام کاسیلاب اسلام آباد کی طرف بڑھنا چاہیئے۔

صدر مسلم لیگ نون پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب میثاقِ معیشت ہونا چاہیئے، اس کٹھ پتلی کو اسلام آباد سے نکالنا ضروری ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن میں ہمارے ساتھ ہے، مریم نواز پی ڈی ایم میں ساتھ ہیں۔

تازہ ترین