• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما سابق سینیٹر حاجی محمد عدیل جو گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، جمعہ کی صبح 72 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ’اناللہ وانا الیہِ راجعون‘ انہیں اسی شام پشاور میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ ہزاروں سوگواروں نے شرکت کی۔ ان کی وفات پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور کئی دوسرے سیاسی رہنمائوں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ اے این پی نے ان کے سانحہ ارتحال پر فوری طور پر اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں اور چاروں صوبوں میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ حاجی محمد عدیل کا شمار ملک کے نہایت تجربہ کار اور صاحب بصیرت رہنمائوں میں ہوتا تھا۔ ان کے والد حکیم عبدالجلیل خان خدائی خدمت گار تحریک سے وابستہ اور خان عبدالغفار خان کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ حاجی محمد عدیل نے انہی کے راستے پر چلتے ہوئے بھر پور سیاسی زندگی گزاری عمر عزیز کے آخری روز جمعرات کو بھی وہ افغان قونصل خانے کی تقریب میں شریک ہوئے رات کو طبیعت خراب ہوئی تو فوراً ہسپتال پہنچائے گئے جہاں چند گھنٹے کے اندر خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم ملک کے ان سنجیدہ اور مخلص سیاسی کارکنوں میں سے تھے جو اب خال خال ہی نظر آتے ہیں اپنی پارٹی سے غیر متزلزل وابستگی کے دوران جمہوری تحریکوں میں سرگرم حصہ لیا اور گیارہ مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں کاٹیں۔ وہ ایک نڈر اور بے باک سیاستدان سچے جمہوریت پسند اور سیاست میں شائستگی کے علمبردار تھے۔ پارٹی کے مختلف عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ وہ سینیٹ کے رکن اپنے صوبے کے وزیر خزانہ، تین بار صوبائی اسمبلی کے رکن اور ایک بار ڈپٹی اسپیکر بھی رہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی پیش پیش رہے ان کی وفات سے پاکستان ایک منجھے ہوئے سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔ خدا وند کریم انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین


.
تازہ ترین