• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنکاروں کے درمیان اشتراک میں معاونت کیلئے تیارہیں ، امریکا

Us Ready For Collaboration Between Artists
پاکستان میں تعینات امریکی سفارتکار جیفری سیکسٹن نے کہا ہے کہ امریکا دونوں ملکوںکے فنکاروں کے درمیان اشتراک میں معاونت کیلئے تیار ہے۔ موسیقی معاشروں اور افراد کو مشترکہ زبان کے ذریعے جوڑنے میں ایک منفرد کردار ادا کرتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے صف اول کے موسیقاروں کودنیا کے بڑے میوزک فیسٹیولز میں شرکت کیلئے تعاون فراہم کیا گیا ، مستقبل میں بھی معاونت کیلئے تیار ہیں۔

بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق امریکی سفارتخانہ کے افسر برائے شعبہ امور عامہ جیفری سیکسٹن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے چار میوزک بینڈز کوگزشتہ ہفتے ہوسٹن میں ہونے والے 2016 ساؤتھ بو ساؤتھ ویسٹ موسیقی میلہ میں اپنے فن کا کامیاب مظاہرہ کرنے پر مبارک باد دی ۔

امریکی سفارتخانے نے فاؤنڈیشن آف آرٹس ،کلچر اینڈ ایجوکیشن کے تعاون سے مسلسل دوسرے سال، پاکستانی میوزک گروپس کی اس میوزک فیسٹول میں شرکت کے لیے مالی اعانت کی تاکہ امریکی اور پاکستانی موسیقی سے منسلک افراد کے درمیان تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

سندھی فنکار مائی ڈھائی، لوک فنکار واحد الن فقیر، قوالی گروپ عمران عزیز میاں قوال اور لاہور کے راک میوزیکل بینڈ’ اوورلوڈ‘نے اس سال منعقدہونے والے فیسٹیول میں شرکت کی۔

آسٹن میں ان بینڈز نے ’ ڈریسکل‘میں منعقد ہونے والے دوسرے پاکستان میوزک شوکیس میں پاکستان کے راک اور لوک موسیقی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی بینڈز نے موسیقی کے دوسرے منتظمین کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ ایک میوزک ٹیک میٹ اپ میں بھی شرکت کی جبکہ ہیوسٹن میں مختلف مقامات پر اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔

ہیوسٹن کے میئر سٹیو ایڈلر موسیقی کے میلے میں پاکستانی میوزک سے بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے 14مارچ2016کو ’پاکستانی موسیقی کا دن‘ قرار دیا۔

واحدالن فقیر نے اپنے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ قدرت کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔ میوزک فیسٹیول نے پاکستانی موسیقاروں کو اپنے شاندار موسیقی کے ورثے کو امریکی شائقین تک پہنچانے میں بے مثال کردار ادا کیا۔

ایس ایکس ایس ڈبلیو میوزک کانفرنس اینڈ فیسٹیول عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا میوزک فیسٹیول ہے جس میں ہر سال مارچ کے مہینہ میں لگ بھگ 15000سے زائد افراد شریک ہوتے ہیں۔
تازہ ترین