ٹوئنکل کھنہ نے آریان خان کی گرفتاری کے معاملے کا موازنہ ’اسکویڈ گیم‘ سے کردیا

October 20, 2021

معروف بالی ووڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی کروز شپ منشیات کیس میں گرفتاری کے معاملے کا موازنہ نیٹ فلکس کی مشہور کورین سیریز ’اسکویڈ گیم‘ سے کردیا ہے۔

ٹوئنکل کھنہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بلاگ پوسٹ کا ایک حصّہ شیئر کرتے ہوئے آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔


انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’انڈیا میں ’اسکویڈ گیم‘ کا ورژن دکھایا جارہا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’جہاں تک انہیں یاد ہے جب کسی بھیڑ سے کسی شخص کو اٹھایا جاتا ہے تو بابا رام دیو یا ہمارے دہلی کے وزیراعلیٰ جیسی نمایاں عوامی شخصیات پر شدید تنقید کی جاتی ہے۔‘

واضح رہے کہ آج ممبئی کی ایک خصوصی عدالت آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی جبکہ عدالت نے گزشتہ ہفتے اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔