علی عظمت کی ملکہ ترنم نور جہاں کے بارے میں اپنے بیان کی وضاحت

October 24, 2021

کراچی (آئی این پی)گلوکار علی عظمت نے ملکہ ترنم نور جہاں کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان کی وضاحت جاری کردی۔خیال رہے کہ علی عظمت نے چند روز قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماضی میں جب وہ بچے تھے تو میڈم نورجہاں کو ٹی وی پر ساڑھی کے ساتھ حد سے زیادہ میک اپ میں گاتا ہوا دیکھ کر وہ چڑ جاتے تھے۔علی عظمت نے ایک طرح سے کہا تھا کہ ملکہ ترنم نورجہاں کے انداز کی وجہ سے ہی پاکستان میں مغربی موسیقی کے کلچر کے فروغ دلایا گیا تھا۔تاہم مذکورہ بیان کے بعد علی عظمت کو سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کی جانب سے وسیع پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔جس کے بعد گلوکار علی عظمت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں چند روز قبل دیے گئے بیان کی وضاحت کی۔علی عظمت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے ایک مہم چلائی جارہی ہے جس میں میرا نور جہاں سے مقابلہ کیا جارہا ہے، جس نے بھی یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے پوری نہیں کی بلکہ ایڈیٹ کرکے کی ہے۔گلوکار نے مزید کہا کہ احمد علی بٹ اور حنا درانی میری فیملی ہیں میں ان سے بہت پیار اور عزت کرتا ہوں، نہ صرف یہ بلکہ ان سے زیادہ میں میڈم نور جہاں سے پیار کرتا ہوں۔علی عظمت نے کہا کہ نور جہاں کے حوالے سے میں نےاپنے بچپن کے بارے میں بات کی، ہمیں دیکھنے کو جو ملتا تھا اسی حوالے سے میں نے اپنی رائے دی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ میوزک ہمارے ہاں جتنا بھی آیا ہے وہ مغربی کلچر کا حصہ ہے۔علی عظمت نے مزیدکہا کہ بعد میں جب ہم بڑے ہوئے تو ہمیں نورجہاں سے زیادہ پسند ہی کوئی نہیں تھا، اس حوالے سے مختلف فنکار بھی گواہی دیں گے کہ ہم نور جہاں اور ان کی گائیکی کو بہت پسند کرتے تھے۔علی عظمت کے بیان پر ملکہ ترنم کی صاحبزادیوں حنا درانی اور منال حسن نے بھی ان کے الفاظ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔