جام کمال کا وفاق کی دخل اندازی روکنے کا مطالبہ

October 24, 2021

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم عمران خان سے وفاقی ممبرز کی دخل اندازی روکنے کا مطالبہ کردیا۔

ایک بیان میں جام کمال نے وفاقی ممبرز پر بلوچستان کے معاملات میں دخل اندازی کا الزام لگایا اور کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان کو کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے اردگرد موجود لوگوں پر نظر ڈالنے کا مشورہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی میں نقصان کی ذمے داری بی اے پی ناراض گروپ، پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور وفاق کے چند سمجھدار اور ذمے دار لوگوں پر بھی ہوگی۔

جام کمال نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنا اختیار بی اے پی ارکان اور اتحادیوں کو دے دیا، پی ڈی ایم جیت کر ناراض ارکان کے ساتھ حکومت بناتی ہے تو اپوزیشن میں بھی بیٹھنے کو تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کل وزیراعلیٰ رہیں گے یا کھیل ختم ہوجائے گا اس کا فیصلہ کل ہوجائے گا۔

ناراض دھڑے نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے 40 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔