تفتیشی افسر کا شاہ رخ سے بیٹے کی رہائی کیلئے 25 کروڑ رشوت کا مطالبہ

October 26, 2021

ممبئی(این این آئی)کنگ خان کے بیٹے آریان خان کے کیس میں سمیر واکھنڈے کی جانب سے کروڑوں روپے رشوت طلب کرنے کے الزام کے بعد کیس نے ڈرامائی شکل اختیار کرلی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی کے کروز ڈرگ کیس نے ایک ڈرامائی شکل اختیار کرلی ہے اور اس بار توجہ کا مرکز نہ ہی کنگ خان کے بیٹے آریان ہیں اور نہ ہی کوئی اور بولی وڈ سیلیبریٹی بلکہ گزشتہ روز اس ہائی پروفائل کیس میں توجہ کا مرکز بننے والے اس کیس کے آزاد گواہ پربھاکر سائل ہیں۔رپورٹ کے مطابق پربھاکر جواس کیس کے ایک دوسرے گواہ کے پی گوساوی کے باڈی گارڈ بھی ہیں، نے اپنے حلفیہ بیان میں دعوی کیا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کیزونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے نے آریان خان کی رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم سمیر واکھنڈے نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے ممبئی پولیس کمشنر کو خط لکھ کر سیکیورٹی طلب کرلی ہے۔خیال رہے کہ آریان خان کو این سی بی نے منشیات استعمال کرنے کے کیس میں 3 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والی کروز شپ پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔