این سی بی افسر کے مسلمان ہونے کی تصدیق

October 27, 2021

شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان کے کروز منشیات کیس کی قیادت کرنے والے این سی بی افسر سمیر واکھنڈے کا نکاح پڑھانے والے قاضی نے سمیر واکھنڈے کے مسلمان ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی ادارے ’این سی بی‘ کے افسر سمیر واکھنڈے کی پہلی شادی ( نکاح ) کروانے والے قاضی کی جانب سے سمیر واکھنڈے کے مسلمان ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قاضی مزمل احمد کا سمیر واکھنڈے پر مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک کی جانب سے مذہب تبدیل کر کے مسلمان ہونے اور نکاح کرنے کے الزام سے متعلق کہنا ہے کہ ’اُنہوں نے سمیر واکھنڈے کا نکاح پڑھوایا تھا، نکاح کے وقت سمیر واکھنڈے اور اُن کی اہلیہ دونوں مسلمان تھے۔‘

قاضی مزمل احمد کا کہنا ہے کہ نواب ملک کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی نکاح کی تصویر، نکاح نامہ اور سمیر واکھنڈے کا نکاح نامے پر درج نام ’سمیر داؤد واکھنڈے‘ سچ ہے۔

قاضی مزمل احمد کے مطابق سمیر واکھنڈے کا نکاح 2006 میں ہوا تھا جس میں متعدد با اثر لوگوں نے شرکت کی تھی۔

قاضی کے مطابق سمیر واکھنڈے کے نکاح کے انتظاما ت انہوںنے ہی کیے تھے اور 15 منٹ تک نکاح پڑھا تھا، سمیر واکھنڈے کی شادی مکمل طور پر اسلامی رسومات کے مطابق ہوئی تھی۔

سمیر واکھنڈے کا نکاح پڑھوانے کا دعویٰ کرنے والے قاضی کا مزید کہنا ہے کہ اگر مجھے معلوم ہوتا کہ سمیر واکھنڈے ہندو ہے تو وہ یہ نکاح ہی نہ پڑھتے کیوں کہ شریعت میںایسا نکاح درست نہیں ہے۔