ایئر ڈیفنس، سائبر، میکانائزیشن صلاحیتوں میں اضافہ ترجیح ہے، آرمی چیف

October 27, 2021

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ایئر ڈیفنس، سائبر اور میکانائزیشن کی صلاحیتوں میں اضافہ ترجیح ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر ملتان کا دورہ کیا۔

سدرن کمانڈ آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اس موقع پر انہیں فارمیشن کے آپریشنل، ٹریننگ اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوٹ عبدالحکیم میں اسٹرائیک کور کی تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا اور شرکاء سے گفتگو کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مشقیں جنگی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج بہترین، تربیت یافتہ اور آزمودہ فوج ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج پاکستان کے دفاع، سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود ہماری توجہ پاک فوج کی روایتی صلاحیتوں کو بڑھانے پر ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ائیر ڈیفنس، سائبر اور میکانائزیشن کی صلاحیتوں میں اضافہ ترجیح ہے، تربیت یافتہ،جدیدٹیکنالوجیز سے لیس فوج ہی ملکی خودمختاری، سالمیت کی حفاظت کر سکتی ہے۔