عمران خان نے عامر لیاقت کی ناراضگی دور کردی

November 18, 2021

وزیراعظم عمران خان نے ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے ملاقات کرکے اُن کی ناراضگی دور کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عامر لیاقت سے اُس وقت ملاقات کی کہ جب انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مایوس کُن پیغام جاری کیا تھا کہ وزیر اعظم نے متعدد قانون سازوں سے ملاقات کی ہے لیکن ان سے نہیں۔

گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں مشترکہ اجلاس سے قبل ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر کا رُخ کرتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ ’وزیر اعظم نے ہر ممبر سے ملاقات کی لیکن کراچی کے آئیکون کے لیے وقت نہیں۔‘

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے یہ بھی کہا کہ ’میں وہ ہی آدمی ہوں جس نے اپنے سابق سینئر ساتھی فاروق ستار کو شکست دینے کے بعد کراچی کے انتہائی اہم حلقے سے پی ٹی آئی کی نشست جیتی تھی۔‘

ایم این اے نے مزید کہا کہ ’میں نے ہر بار وزیراعظم اور خاتون اوّل کا دفاع کیا ہے لیکن اُن کے پاس میرے لیے وقت نہیں ہے۔‘

تاہم کچھ دیر کے بعد عامر لیاقت حسین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کی جس میں اُن کے ساتھ وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی اور علی حیدر زیدی بھی موجود ہیں۔

عامر لیاقت حسین نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ملاقات اک بہانا ہے، پیار کا سلسلہ پرانا ہے، ناراض ہوں مگر منا لیتے ہیں، کھو کر بھی ان ہی کو پانا ہے۔‘

واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں عامر لیاقت نے حلقہ این اے 245 سے 56 ہزار 615 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ فاروق ستار دوسرے نمبر پر رہے تھے جنہوں نے 35 ہزار 247 ووٹ حاصل کیے تھے۔