انڈونیشین قونصل جنرل کا دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کا عزم

November 24, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کونکورو ہاڈینینگراٹ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈونیشیا پاکستان پورٹل دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے کیونکہ انڈونیشیا اور پاکستان کے نوجوانوں اور نوجوان کاروباری افراد کے درمیان رابطہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ طلباء کو انٹرن کے طور پر شامل کریں تاکہ باہمی رابطوں میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کی مہارت سے فوائد حاصل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اجلاس میں قونصل آف اکنامک افیئرز عبدالرشید جمارا سپریدی ودیگر سفارتکارکے علاوہ سائٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سعود محمود، نائب صدر محمد کامران عربی، سابق چیئرمین سائٹ مجید عزیز، سابق صدر سائٹ عبدالہادی، عبدالقادر بلوانی، ریاض ڈھیڈھی، خالد ریاض، نوید واحد، عظیم موتی والا، محمد حسین موسانی ودیر دیگر نے بھی شرکت کی۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے انڈونیشیا کے قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس موقع پر سائٹ ایریا کا مختصر تعارف پیش کیا۔سائٹ کے سینئر ممبر اور سابق چیئرمین مجید عزیز نے اس موقع پر ماربل سیکٹر میں برآمدات کی نئی راہیں تلاش کرنے کی تجویز دی۔انڈونیشین قونصل جنرل نے اجلاس کے بعد سائٹ کرائم مانیٹرنگ سیل، فائر ٹینڈرز اور ایمبولنس سروس کا دورہ کیا جو سائٹ ایسوسی ایشن کے تحت صنعتکاروں کو خدمات فراہم کررہاہے۔ سابق صدر اور لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین عبدالہادی نے قونصل جنرل کو کرائم مانیٹرنگ سیل کے امور اور ایسوسی ایشن کے ممبران کو بہترین اور ممکنہ خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جس کو قونصل جنرل نے سراہا۔