اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر لورالائی کو 5سال قید ،25لاکھ روپے جرمانے کی سزا

November 26, 2021

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت کوئٹہ نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر لورالائی اجمل کو 5سال قید اور25لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔ احتساب عدالت کوئٹہ کے جج آفتاب احمد لون نے نیب بلوچستان کی تحقیقات اور ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹرضمیر چھلگری نے کیس کی پیروی کی۔ واضح رہے کہ نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نے محکمہ خوراک میں بڑے پیمانے پر غبن کی تحقیقات کا آغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر لورالائی اجمل نے لورالائی فوڈ گودام کے انچارج کی حیثیت سے ہزاروں گندم کی بوریوں میں کرپشن کے ذریعے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ نیب بلوچستان نے ملزم کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو قید و جرمانے کی سزا سنا ئی۔