پیرو میں 800 سال قدیم ممی دریافت

November 30, 2021

پیرو میں کھدائی کے دوران 800 سال قدیم ممی دریافت ہوئی ہے۔

ماہرین آثار قدیمہ نے بتایا کہ ان کی ایک ٹیم کو پیرو کے وسطی ساحل پر ایک ممی ملی ہے، جس کی قدامت کا اندازہ کم از کم آٹھ سو سال لگایا گیا ہے۔

ماہر آثار قدیمہ وان ڈیلن لونا نے کہا کہ ممی کی بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے پورے جسم کو رسیوں سے باندھا گیا تھا اور اس نے ہاتھوں سے چہرے کو ڈھانپ رکھا ہے، ہو سکتا ہے کہ اُس وقت مقامی طور پر مردوں کا اسی طرح کفن دفن کیا جاتا ہو۔

ماہرین نے بتایا کہ یہ 25 سے 30 سالہ نوجوان کی لاش ہے جو اسی علاقے کے پہاڑوں پر رہتا تھا۔

ماہرین نے اس سال اکتوبر میں یہاں دوبارہ تحقیق اور کھدائی شروع کی جس کے بعد کئی اہم اشیا سامنے آئیں تاہم ممی ان میں سب سے اہم دریافت ہے۔