غیر متوازن کھادوں،کیمیکل سے زمینوں میں نامیاتی مادہ کم ہوتا جا رہا ہے: ڈاکٹر آصف علی

December 06, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی شعبہ سوائل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام ورلڈ سوائل ڈے بارے سیمینار ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ مٹی اور انسان کا جنم جنم کا ساتھ ہے،تاہم غیر متوازن کھادوں اور دیگر ایگرو کیمیکل کے استعمال سے ہماری زمینوں میں نامیاتی مادہ کم ہوتا جا رہا ہے اور ہمیں تھور جیسے مسائل کا سامنا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا میں اپنائے گئے جامع حکمت عملی ھولیسٹک اپروچ جیسے تصورات کو اپنے معاشرے میں فروغ دیں تاکہ زمین دوبارہ اپنی کھوئی ہوئی صلاحیت پاسکے،پروفیسر ڈاکٹر تنویر الحق نے تھور کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھائے گئے ڈیپارٹمنٹ اور یونیورسٹی کے اقدامات اور مختلف پروجیکٹس کے بارے میں بتایا، فوجی فرٹیلائزر کمپنی سے ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ جب ہم زیادہ کیمیکل استعمال کرتے ہیں تو ہم زمین کے ہر حصے کو آلودگی سے آشنا کر دیتے ہیں،یہ آلودگی اس کی فضا،سطح اور سمندر سے ڈھکے علاقے ہر ایک کو نقصان پہنچاتی ہے،تقریب میں ڈاکٹر فیاض احمد، ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر باقر حسین، ڈاکٹر عثمان جمشید، ڈاکٹر وزیر احمد اور ڈاکٹراحمدمحمود سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔