سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے بھائی کی سوشل میڈیا صارفین سے اپیل

December 06, 2021

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہوئے سری لنکن شہری پریانتھا کماراکے بھائی نے سوشل میڈیا صارفین سے پُرزور اپیل کردی۔

سری لنکن خبر رساں ادارے کے مطابق پریانتھا کمارا کے بھائی نے اپنے ایک بیان میں سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے بھائی کے قتل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کریں۔

پریانتھا کمارا کے بھائی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے بھائی کے قتل سے متعلق ویڈیوز پھیلنے سے ان کے خاندان، خاص طور پر پریانتھا کی اہلیہ اور اُن کے دونوں بچوں کو تکلیف پہنچی ہے۔

انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے حکام سے بھی درخواست کی کہ وہ ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے لیے فوری کارروائی کریں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

سانحہ سیالکوٹ کی پولیس تحقیقات جاری ہیں، دوران تحقیقات اب تک 110 افراد کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں 13 مرکزی ملزمان ہیں، ملزمان طلحہ اور فرحان نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔