امیتابھ کی گھر کے باہر جمع مداحوں سے متعلق سوچ ابھیشیک نے بتادی

December 06, 2021

فوٹو: فائل

بھارتی اداکار ابھیشیک بچن نے گھر کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے متعلق والد امیتابھ بچن کی سوچ کے بارے میں بڑا انکشاف کردیا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران ابھیشیک بچن نے والد کی فلم نگری میں آنے کے لیے کی گئی سخت محنت کا ذکر کیا۔

ابھیشیک نے کہا کہ آپ ایک ایسے شخص سے بات کر رہے ہیں جو بہت ہی پرآسائش جگہ سے آیا ہے جو اس سے نہ صرف آگاہ ہے بلکہ اس کا قدر دان بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں روزانہ اپنے ماضی پر کام کرتا ہوں تاکہ میں اپنے اس نسب کی تذلیل نہ کروں جو مجھے ایسے شخص سے ملی جو کلکتہ میں اپنی اچھی نوکری چھوڑ کر ممبئی آیا، سڑکوں پر رات گزاری، فلم کنٹیسٹ میں داخل ہوا، لیکن ہار گیا، آل انڈیا ریڈیو میں اس کی آواز کو مسترد کردیا گیا، اس نے جدوجہد کی اور اپنا راستہ بنایا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شخص نے اپنے واجبات ادا کیے اور 80 سال کی عمر میں اب تک کر رہا ہے، یہ شخص اب بھی روزانہ 16 سے 18 گھنٹے کام کرتا ہے، یہ آسان آدمی نہیں ہے۔

انہوں نے والد کے فلم قُلی کے سیٹ پر ہوئے جان لیوا حادثے کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کے گھر کے باہر اس وقت سے ہر اتوار کو ان کے مداح ملنے کے لیے آتے ہیں۔

ابھیشیک کا کہنا تھا کہ وقت گزر گیا، میں اداکار بن گیا، وہ مجھے مداحوں میں اپنے ساتھ لے جاتے ہیں، میں وہاں جاتا ہوں اور ہچکچاتے ہوئے ہاتھ ہلاتا ہوں کیونکہ وہاں کوئی بھی میرے لیے ہاتھ نہیں ہلائے گا جبکہ ساتھ میں والد ہوں، کیونکہ وہ سب والد کے لیے ہی آتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ میں نے والد سے پوچھا کہ اتنے برسوں سے لوگ گھر کے باہر آپ سے ملنے کے لیے آتے ہیں تو آپ کیسا محسوس کرتے ہیں؟ جس کا جواب انہوں نے ایک دن بعد دیا۔

ابھیشیک کا کہنا تھا کہ ایک روز بعد امیتابھ بچن نے انہیں جواب دیا کہ ’صرف ایک سوچ میرے ذہن میں ہوتی ہے کہ کیا تم سمجھتے ہو کہ یہ آئندہ اتوار کو آئیں گے؟‘

انہوں نے کہا کہ والد کے اس جواب نے مجھے حیرت زدہ کردیا، کیونکہ یہ وہ چیز ہے جو آپ کو سکھاتی ہے کہ آپ کسی بھی موقع پر بے فکر نہیں رہ سکتے، آپ کے لیے یہ سب معمولی نہیں ہے۔