بھارت: انتہا پسندوں کا مشنری اسکول پر حملہ

December 07, 2021

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندوں نے مذہب تبدیلی کا الزام لگا کر مشنری اسکول پر حملہ کردیا، اسکول میں گھس کر پتھراؤ کیا، توڑ پھوڑ کی، طلبا، اساتذہ اور دیگر عملے کو دھمکیاں دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کے کارندوں نے زبردستی مذہب تبدیل کرانے کا الزام لگا کر گزشتہ روز اسکول پر حملہ کیا، حملے کے وقت مشنری اسکول میں 12ویں جماعت کے امتحان ہورہے تھے۔طلبا، اساتذہ اور عملے نے مشکل سے جان بچائی۔

مشنری اسکول منیجر کا کہنا ہے کہ پولیس کو انتہا پسندوں کے حملے کے خطرے سے آگاہ کردیا تھا، پولیس نے اسکول پر حملہ روکنے کیلئے مناسب انتظامات نہیں کئے۔

اسکول منیجر نے مذہب تبدیلی کے الزامات کی بھی تردید کردی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔