سال 2021، سرحد پار سے حملوں میں 16 افراد جاں بحق ہوئے

January 17, 2022

کراچی (ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )سال 2021میں پاکستان میں سرحد پار سے ہونے والے 23حملوں میں16افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق سال 2021 میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے 14حملے کئیے گئے جس میں13افراد جاں بحق اور 19زخمی ہوئے، پاک انڈیا بارڈر پر ہونے والے 8حملوں میں 2افراد جاں بحق اور 6زخمی ہوئے جبکہ پاک ایران بارڈر پر سرحد پار سے ایک حملہ کیا گیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔پاک انسٹیٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔سال 2020 میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کی جانب سے ایل او سی اور سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر 114 حملے کئیے گئے تھے جس میں 45 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔رپورٹ کے مطابق فروری 2021 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 کے سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد پر اتفاق کے بعد بھارت کی جانب سے سرحد پار سے خلاف ورزی پر نمایاں کمی دیکھنے میں آئی،بھارت کی جانب سے ہونے والے حملوں میں ایک سویلین اور ایک آرمی کا جوان جاں بحق جبکہ 6 سویلین زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پاک افغان بارڈر پر سال 2020 میں 11 سرحدی حملے کئیے گئے تھے جبکہ سال 2021میں ان حملوں کی تعداد 14 رہی جن میں 12 حملے خیبر پختونخوا اور دو بلوچستان میں کئیے گئے،ان حملوں میں 11 سیکورٹی اہلکار اور دو سویلین جاں بحق ہوئے۔رپورٹ کے مطابق پاک ایران سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے ایف سی بارڈر پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔