لاہور(آصف محمود بٹ)پنجاب میں انتہا پسندی کیخلاف اگلا مرحلہ، نوجوانوں، جیلوں اور مدارس پر خصوصی توجہ۔ سائبر انتہا پسندی اور آن لائن شدت پسندی کے خلاف وسیع آگاہی مہمات اور ہنر مندی کے پروگرام شروع کیے جائیں گے،15 وفاقوں سے منسلک مدارس کے طلبہ کو ہنر مندی کے مختلف پروگراموں کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے انتہا پسندانہ رجحانات کے تدارک کے لیے آئندہ مرحلے کے جامع منصوبے تیار کر لیے ہیں، جن میں نوجوانوں، جیلوں، مدارس اور آن لائن انتہا پسندی کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے۔ پنجاب سنٹر آف ایکسی لینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے تحت نوجوانوں میں بگاڑ، سائبر انتہا پسندی اور آن لائن شدت پسندی کے خلاف وسیع آگاہی مہمات اور ہنر مندی کے پروگرام شروع کیے جائیں گے، تاکہ انہیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے سکل ڈویلپمنٹ کے ساتھ نرم شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا بھی منصوبہ ہے۔مستقبل کے منصوبوں میں تحقیق کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے۔ مختلف جامعات کے اشتراک سے رسک اسیسمنٹ، نصاب کی تیاری، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کی ترقی اور بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق تحقیقی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔