راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)توہین رسالت کے مرتکب پانچ ثابت شدہ مجرمان کی سزائے موت کو کالعدم قرار دینے کیخلاف مذہبی جماعتوں کی کال پر جمعہ کوملک بھر میں یوم مذمت منایا گیا،نماز جمعہ کے اجتماعات میں منظور کی گئی قرارداد میں سپریم کورٹ سے ملزمان کی سزائے موت کو کالعدم قرار دینے کے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر مذکورہ مجرمان کی سزائے موت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ،سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں بالخصوص حضور ؐ کی توہین پر مبنی بدترین مواد کی تشہیر میں ملوث پانچ ثابت شدہ مجرمان کی سزائے موت کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے خلاف عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتؐ،وفاق المدارس العربیہ،تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ اور مجلس احرار اسلام سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کی متفقہ اپیل پر یوم مذمت منایا گیا تھا، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث تمام مجرمان کے خلاف فیصلے آئین و قانون کے مطابق میرٹ پر کئے جائیں۔