کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیاہے کہ بلوچستان میں ریاست نے کبھی اندھا دھند طاقت کے استعمال کی پالیسی اختیار نہیں کی‘ محدود اور ہدفی کارروائیوں کو ریاستی آپریشن قرار دینا حقائق کے منافی ہے ۔وہ اٹھارویں بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق پھیلائے گئے تصورات اور زمینی حقائق میں نمایاں فرق موجود ہے جسے سمجھنا ناگزیر ہے ‘ سوشل میڈیا کے ذریعے منظم جھوٹے بیانیے پھیلا کر نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تاہم تشدد اور انتشار کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنے کے خواب کبھی شرمند تعبیر نہیں ہوں گے۔ ذہنی فریب اور منظم بھرتی کے ہتھکنڈوں کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جاتا ہے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔