ساؤتھ ہمپٹن میں سینٹ میری لیئر سینٹر کی بندش کیخلاف مظاہرہ

January 18, 2022

ساؤتھ ہمپٹن(راجہ فیض سلطان) ساؤتھ ہمپٹن میں واقع سینٹ میری لیئر سینٹر کی بندش کے خلاف کونسلر توقیر کٹاریہ،چوہدری حکم داد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سابق رکن پارلیمنٹ ایم وائیٹ ایڈ،سابق میئر پروین دیوانی،امام حافظ علی تنویر،اجمل سودن،فائزہ، راجہ عباد سمیت پاکستانی و دیگر کمیونٹیز نے بچوں کے ساتھ کثیر تعداد میں شرکت کی۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا اس لیئر سینٹر میں کھیلوں اور تفریح کی صحتمندانہ سرگرمیوں سے کمیونٹی کا ہر فرد مستفید ہوتا تھا۔اس سینٹر کی بندش سے لوگوں میں ذہنی دباؤ اور نوجوانوں کا منفی سرگرمیوں کی جانب رجحان بڑھے گا، سینٹ میری لئیر سینٹر میں خواتین اور بچوں کے لئے الگ سے سہولت تھی، جس سے وہ آپس میں میل جول اور اپنی ثقافتی پروگرام کا انعقاد کرتے تھے، اس سینٹر کی بندش کے حکومتی فیصلے سے مایوسی پیدا ہوئی ہے، سینٹ میری لئیر سینٹر کی بندش کے خلاف مظاہرین نے بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔احتجاجی مظاہرین نے حکومتی فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین کی حفاظت کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔