ماں کائنات کا سب سے خوبصورت تحفہ ہے،مقررین

January 18, 2022

برمنگھم (نمائندہ جنگ) ماں کائنات کا خوبصورت ترین تحفہ ہے جس کی محبت، شفقت، خلوص و وفا اپنے بچوں کے لیے کسی کی محتاج نہیں ہوا کرتی، ماں کی گود دنیا کا سب سے بڑا مکتب ہے، یہ تہذیب و شائستگی کا گہوارہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد ہارونیہ آلم راک برمنگھم میں نمائندہ جنگ و جیو آصف محمو دبراہٹلوی، یاسر محمود خان، جوڈیشل مجسٹریٹ قاضی قیصر محمود کی والدہ اور شاہد احمد مغل، عمران اسرار، خرم شہزاد، عنصر اسرار کی نانی کے 40ویں کی فاتحہ کے موقع پر علما و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قرآن خوانی اور ایصال ثواب کی محفل میں ختم القرآن، ذکر الٰہی، ہدیہ درودو سلام اور اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر خلیفہ مجاز دربار عالیہ موہڑہ شریف، خلیفہ صوفی صفدر حسین ہارونی، ممتاز عالم دین صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، خطیب اعظم علامہ محمد فرید ہارونی، وائس چیئرمین راجہ جاوید اقبال انکروی، حافظ عبدالوہاب، قاری حنیف صابری، پی پی سی کے جنرل سیکرٹری ناصر محمود راجہ، چوہدری بشارت، عابد کاظمی، زاہد محمود خٹک، عرفان طاہر، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے کہا کہ ماں محبت ایثار و مروت، صبر و رضا کی روشن مثال اور قدرت کی جانب سے انمول تحفہ ہے، یہ ایک ایسا سایہ دار درخت ہے جس کی چھائوں اپنے بچوں کیلئےکبھی کم نہیں ہوتی۔ خلیفہ صوفی صفدر حسین ہارونی نے کہا کہ ماں کی گود دنیا کی سب سے بڑی اور پہلی درس گاہ ہوتی ہے جس پر کبھی خزاں نہیں آتی۔ علامہ محمد فرید ہارونی نے کہا کہ والدین کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی محافل جو اولاد کی جانب سے منعقد کی جاتی ہیں مرحوم والدین کے لیے صدقہ جاریہ ہوتی ہیں۔ راجہ جاوید اقبال انکروی نے کہا کہ ماں کی دعائیں بچوں کی تقدیریں بدل دیتی ہیں۔ آخر میں اجتماعی ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔