نوجوان پیپلزپارٹی میںشامل ہوکر بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کریں، ذوالفقار بدر

January 19, 2022

لندن ( پ ر ) پیپلزپارٹی کا کارکن عزت چاہتا ہے اور ہم اس سے رابطہ بحال کرکے اسے عزت دینگے تاکہ نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کریں۔ پیپلزپارٹی ایک مسلسل جدوجہد اور خاندان کا نام ہے جس میں سب سے زیادہ عزت کارکن کی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرحوم ڈاکٹر جہانگیر بدر کے بیٹے ذوالفقار علی بدرترجمان بلاول بھٹو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے ابرار میر سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ کے ساتھ بیک وقت فیس بک اور یوٹیوب پر ’’پیپلزپارٹی کی ایک بار پھر ضرورت‘‘ کے عنوان سے لائیو پروگرام میں کیا۔علی بدر نے پیپلزپارٹی یورپ سمیت دنیا بھر کے جیالوں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے انہیں اہم ترین نئی ذمہ داری پہ دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری ایمانداری اور جذبے سے نبھانے کی پوری کوشش کرونگا تاکہ کارکن اور قیادت کے درمیان رابطہ بن سکوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑا اعزاز کیا ہوگا کہ میرا نام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا۔ میرے عظیم والد میری پیدائش پہ مارشل کے کوڑوں کی سزا کاٹ رہے تھے بلکہ میری پہلی سالگرہ بھی جیل میں ہی منائی گئی تھی۔ ہمیں عہدہ ملے نہ ملے ہم نے تو بس پیپلزپارٹی اور بھٹو خاندان کے ساتھ ہی رہنا اور کام کرنا ہے۔ علی بدر نے گزشتہ ادوار میں کارکنوں کو نظر انداز کرنے کی کوتاہی کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ اب ایسا نہیں ہوگا اور نہ ہم برداشت کرسکتے ہیں۔ انہوں ابرار میر اور کارکنان کی طرف سے کیے جانے والے سخت سوالات اور تحفظات کا خندہ پیشانی اور مدلل انداز میں جواب دیا۔ علی بدر نے کہا کہ ملک تباہی کے دھانے ہر پہنچا دیا گیا ہے اور ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی ضرورت آپہنچی ہے کیوں کہ پیپلزپارٹی اور اسکی قیادت میں ہی وہ سمجھ اور ہمت ہے کہ وہ شہید بھٹو اور شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو اس بھنور سے نکال سکتی ہے۔ علی بدر کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری جیسا دور اندیش سیاستدان کوئی بھی نہیں ہے اور انہیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مشرق وسطیٰ، مغربی ممالک، چائنا، ایران، افغانستان اور انڈیا سے تعلقات بہتر بناتے ہوئے عوام کو آگاہی دینا ہوگی۔ علی بدر نے پیپلزپارٹی یورپ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں، پروفیسرز، کمپیوٹر ایکسپرٹس، تاجر ، سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے والوں کو دعوت دی کہ وہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرکے پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے بلاول بھٹو کی مدد کریں۔ پروگرام کے دوران پیپلزپارٹی یورپ کے نائب صدور ڈاکٹر طارق سلہریا، میاں رؤف آرائیں، جوائنٹ سیکرٹری احسن رولیا، سمیعہ علی سیکرٹری جنرل ویمن ونگ برطانیہ، شیراز بٹ صدر PYO بلجیم، ملک شاہ محمد سیکرٹری جنرل بہاولپور، رانا مصطفٰے اور دیگر نے مبارکباد بھی دی اور سوالات بھی کیئے۔