زرغون ہاؤسنگ اسکیم کی گیسی فیکیشن کے عمل میں 14 کروڑ نقصان کی تحقیقات کرائی جائے

January 19, 2022

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تنظیم اسکیم کے رہائشیوں کو پانی و گیس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں مختلف محکموں کے حکام سے ملاقاتوں کا مقصد اس اسکیم کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنا ہوتا ہے۔ اسکیم کے رہائشیوں نے گزشتہ برس شدید سردی کا موسم گیس کے بغیر مختلف تکلیفیں جھیلتے ہوئے گزارا اور گیس کے حصول کیلئے کیو ڈی اے حکام سے 2021 میں کی گئی ملاقاتوں کا اگرچہ اتنا تو اثر ہوا کہ ایکسٹرنل پائپ لائن زرغون ہاوسنگ اسکیم کے گیٹ تک پہنچ گئی لیکن اس کا مین پائپ لائن سے منسلک کیا جانا ابھی تک باقی ہے حالانکہ کیو ڈی اے گیس کمپنی کو اس کی مکمل ادائیگی کر چکا ہے۔ ایسوسی ایشن کا شروع دن سے یہ مطالبہ رہا کہ ایکسٹرنل پائپ لائن بچھانے کیساتھ ساتھ اسکیم کے اندر بھی پائپ لائنیں بچھانے کا عمل شروع کر دیا جائے مگر ایسوسی ایشن کی ایک نہ سنی گئی اور تاخیری حربوں سے اس کی لاگت کا تخمینہ تین گنا بڑھ گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کیو ڈی اے حکام کے تساہل کی وجہ سے لاگت کے اخراجات بڑھ جانے کا نوٹس لیا جانا ضروری ہے ورنہ حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ایسے ہی نقصان سے دوچار ہوتی رہیگی۔ بیا ن میں مزید کہا گیا کہ غفلت و لا پرواہی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو پروگرام کے مطابق 2017 میں تکمیل کو پہنچ جانے والی یہ اسکیم شاید آئندہ 50 سال میں بھی مکمل نہ ہو سکے گی۔