کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین شیر حیدر،لعل جان،شاہ محمد،عنایت اللہ اوردیگر نے کہا ہے کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین پنشن اوردیگر مراعات نہ ملنے کی وجہ سے رمضان المبارک میں فاقہ کشی پر مجبور ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزراء کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کو گولڈن ہینڈشیک کے تحت رقم ادا کرنے کا وعدہ بھی تاحال وفا نہیں ہوسکا، فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین عید الفطر بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے گئے کیمپ میں منائیں گے اور عید کے روز احتجاج بھی کیا جائے گا یہ باتیں انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ میں اظہاریکجہتی کرنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں انہوں نےکہاکہ ریٹائرڈ ملازمین مطالبات کے حق میں 80 روز سے پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔