کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) منارٹی ایکشن الائنس بلوچستان پشتون بیلٹ کے صوبائی صدر راج پراچہ اور ثاقب نے کہا ہے کہ پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے پنجوانی اقلیتوں کے مسائل حل اور عبادت گاہوں کی تعمیر و ترقی کیلئے بھر پور کردار اد کررہے ہیں بعض عناصر ان کی کارکردگی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لورالائی میں ایک گھرانے کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعے پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگاکر ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اقلیتی نمائندہ نے ایک کروڑ روپے کا فنڈ مندر کی تعمیر کیلئے جاری کئے اس مخصوص ٹولے نے غلط بیانی کرکے پیمائش دی کہ یہ مکمل مندر ہے مگر مندر کے کمپاؤنڈ سے باہر دکانیں بنی ہیں جو 1970ء سے قائم ہیں اور باقاعدہ لورالائی انتظامیہ کے فیصلے کی روشنی میں ان کا کرایہ جمع ہوتا اور باقاعدہ مندروں کی مرمت اور دیکھ بھال میں استعمال ہوتا ہے انہوں نے اے سی کے فیصلے سے روگردانی کرکے غلط پی سی ون بنوایا جب کام کا آغاز کرنے کے لئے ٹھیکدار اور اربن پلاننگ کے ذمہ دار وہاں آئے اور دکانوں کو جس سے بہت سے لوگوں کا روزگار چل رہا تھا گرانے کا کہا جس پر دکانداروں نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرکے پی سی ون ریوائز کرایا اور دوبارہ مندر کی اصل بلڈنگ پر کام شروع ہوا مفاد پرست عناصر مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے کام بند کرانے کی کوشش کرتے رہے اب جب مندر کا کام شروع ہوگیا ہے تو پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے پنجوانی کے عوام دوست اقدامات کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈوں کا سہارا لے رہے ہیں ان کے خلاف سائبر کرائم میں رپورٹ جمع کراچکے ہیں۔