ڈپٹی کمشنر پشاور آفس میں کھلی کچہری ،عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

January 19, 2022

پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور نے ڈی سی آفس پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم گل بانو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) شمع نعمت،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، افسر مال ارشد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈیٹابیس) محمد اصغر خان سمیت سمیت تحصیلداران، سب رجسٹراران، ریونیو سٹاف اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے اخبارات اور پشاور بھر میں علانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہری میں عوام ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے درمیان دیکھ کر ان سے گل مل گئے اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں اکثر افراد نے اپنے ریونیو کے مسائل کے بارے میں درخواستیں دیں جس پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے موقع پر موجود تحصیلداروں کو ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری میں کچھ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کے بارے میں درخواست دی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے ڈبلیو ایس ایس پی کو کارروائی کے لیے ہدایات جاری کیں۔کھلی کچہری میں سٹامپ وینڈر لائسنس، اسلحہ لائسنس، انتقالات، فردات اور دیگر مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو درخواستیں دیں گئی جس پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں