• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،تیمور جھگڑا کی انتخابی عذر داری خارج ، جلال خان کی کامیابی درست قرار

پشاور(نیوز رپورٹر) الیکشن ٹریبونل پشاور کے جج جسٹس (ر) لعل جان خٹک نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 79 پشاور 8 سے کامیاب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کی کامیابی کے خلاف دوسرے نمبر پر آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے دائر انتخابی عذر داری خارج کردی اور اس کی کامیابی کو درست قرار دے دیا۔گزشتہ روز فاضل ٹریبونل نے سماعت مکمل کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا کی انتخابی عذرداری خارج کردی۔ جلال خان کی جانب سے کیس کی پیروی بیرسٹر یاسین رضا نے کی ۔ درخواست گزار تیمور سلیم جھگڑا نے انتخابی عذرداری میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے مخالف امیدوار جلال خان نے کم ووٹ لئے اور فارم 47 میں اسے کامیاب قرار دیا حالانکہ فارم 45کے مطابق درخواست گزار بھاری اکثریت سے جیت چکے ہیں ان کے وکیل نے دلائل دئیے کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی اور نتائج تبدیل کئے گئے جس کے ثبوت ریکارڈ پر موجود ہیں۔ انہوں نے ٹریبونل کو بتایا کہ جلال خان کی کامیابی درست نہیں کیونکہ جو ریکارڈ عدالتی فائل پر موجود ہے اس کے فارم 45 کے تحت اس کے موکل تیمور سلیم جھگڑا بھاری اکثریت سے جیت چکے ہیں مگر نوٹیفکیشن جلال خان کا کر دیا گیا ۔ اس ضمن میں انہوں نے ریٹرننگ آفیسر کو بھی درخواست دی جو مسترد کردی گئی اور اس وجہ سے وہ انتخابی عذرداری الیکشن ٹریبونل کے سامنے لے آئے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نون لیگ کے رکن اسمبلی جلال خان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے اور اس کے موکل کو کامیاب امیدوار قرار دیا جائے۔ دوسری جانب کامیاب امیدوار جلال خان کے وکیل بیرسٹر یاسین رضا نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزار نے بہت سے اہم قانونی نکات کو نظرانداز کیا ہے اور الیکشن پٹیشن میں متعدد غلطیاں کی گئیں ہیں جس کی وجہ سے ویریفیکیشن کے عمل میں بہت سے مسائل سامنے آرہے ہیں ۔انہوں نے عدالت کوبتایا کہ الیکشن رولز کے مطابق جب بھی کوئی انتخابی عذرداری دائر کرے گا تو انہیں تمام حقائق فائل پر درست لانا ہونگے تاہم یہاں پر جو حلف نامہ جمع کیا گیا ہے اس میں تیمور سلیم جھگڑا کے والد کا نام محمد ابراہیم خان لکھا گیا ہے حالانکہ اس کے والد کا نام محمد سلیم خان ہے اس کے علاوہ دیگر قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کئے گئے اور تکنیکی بنیادوں پر اس انتخابی عذرداری پر کارروائی جاری نہیں رکھی جا سکتی اور اسے خارج کیا جائے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر تیمور سلیم جھگڑا کی انتخابی عذرداری خارج کردی اور جلال خان کی کامیابی کو درست قرار دے دیا۔
پشاور سے مزید